رواں سال پاکستانی ملکی تاریخ کا مہنگا ترین فیول خریدنے پر مجبور رہے

رواں سال پاکستانی عوام ملکی تاریخ کا مہنگا ترین فیول خریدنے پر مجبور رہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق 2023ء کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تمام پچھلے ریکارڈز ٹوٹ گئے اور عوام ملکی تاریخ میں بلند ترین قیمت پر فیول خریدنے پر مجبور رہے۔

ملکی تاریخ میں پہلی بار پیٹرول اور ڈیزل کے فی لیٹر پر 60 روپے لیوی وصول کی گئی۔رواں سال پیٹرولیم مصنوعات فی لیٹر 116.58 روپے تک مہنگی ہوئیں جبکہ ان پر لیوی میں فی لیٹر 30 روپے تک اضافہ کیا گیا۔ ڈیزل 30 اور پیٹرول پر فی لیٹر لیوی میں 10 روپے کا اضافہ کیا گیا۔

اس وقت ڈیزل اور پیٹرول کے فی لیٹر پر 60، 60 روپے کے حساب سے لیوی عائد ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 16 ستمبر کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی تھیں۔فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 16 ستمبر کو سب سے زیادہ 331 روپے 38 پیسے ہوگئی تھی۔ فی لیٹر ڈیزل کی قیمت 16 ستمبر کو سب سے زیادہ 329 روپے 18 پیسے ہوگئی تھی۔

یکم اکتوبر 2023 سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا رجحان شروع ہوا۔ حالیہ 3 ماہ میں فی لیٹر پیٹرول 64 روپے 4 پیسے اور ڈیزل 52 روپے 99 پیسے سستا ہوا۔سال 2023 کے آغاز پر فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 214 روپے 80 پیسے تھی۔ اس سال کے شروع میں فی لیٹر ڈیزل کی قیمت 227 روپے 80 پیسے تھی۔سال کے اختتام پر فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 267 روپے 34 پیسے ہوگئی۔ اس وقت فی لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 276 روپے 19 پیسے مقرر ہے۔