توہین الیکشن کمیشن،عمران خان اورفواد چودھری پرفرد جرم عائد نہ ہوسکی

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سابق چیئرمین عمران خان اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پر توہین الیکشن کمیشن کیس میں فرد جرم آج بھی عائد نہ ہو سکی۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز الیکشن کمیشن کا 4 رکنی بینچ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری کےخلاف کیس کی سماعت کے لئے اڈیالہ جیل پہنچا جہاں دونوں ملزمان پر فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان تھا۔

تاہم، چار رکنی بینچ نے آج ہونے والی سماعت بغیر کارروائی کے 3 جنوری تک ملتوی کردی اور دونوں ملزمان پر فرد جرم نہیں عائد ہوسکی۔

سماعت ملتوی ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران اڈیالہ جیل سے واپس چلے گئے۔

قبل ازیں بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ اڈیالہ جیل پہنچ گیا۔

الیکشن کمیشن کے ممبران شاہ محمود جتوئی، بابر حسین بھروانہ اور جسٹس (ر) اکرام اللّٰہ بینچ میں شامل ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل پہنچا دیا گیا۔

فواد چوہدری پنڈ دادن خان جہلم روڈ کرپشن کیس میں جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں۔

فواد چوہدری کی جانب سے توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں اوپن ٹرائل کی استدعا کی گئی ہے۔

اس موقع پر ممبر سندھ نثار درانی سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا آج فردِ جرم عائد کرنے کا امکان ہے؟

ممبرسندھ نثار درانی نے جواب دیا کہ کارروائی کرنے کے لیے آئے ہیں۔