9جنوری کو مری اور گرد و نواح میں موسم سرما کی پہلی برف باری متوقع ہے ۔
پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 9جنوری کو مری اور گردونواح میں موسم سرماکی پہلی برف باری کی پیشنگوئی کی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق مری ، گلیات اور نواحی علاقوں میں بارش اور برف باری کےباعث درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے ۔
دوسری جانب راولپنڈی ، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں سردی مزید بڑھ گئی ، بعض علاقوں میں دھند کا راج برقرار ہے جبکہ بلوچستان میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ کے پہاڑوں، زیارت اور قلات میں برفباری سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے ، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج پھر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
نوشکی، چاغی، تربت، گوادر اور کیچ سمیت پنجگور میں بارش کے امکانات ہیں جبکہ کوئٹہ، قلات، چمن، زیارت، قلعہ عبداللہ، توبہ اچکزئی اور کان مہتر زئی میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق قلات میں پارا منفی دو اور کوئٹہ میں منفی ایک ڈگری تک گر گیا، جبکہ لاہور سمیت پنجاب میں شدید سردی کے ساتھ دھند کا راج بھی برقرار ہے ، پشاور میں بھی دھند کی لہر بدستور برقرار رہنے کا امکان ہے۔ جس کی وجہ سے سردی کی شدت مزید بڑھے گی۔