بھارت میں ایک ہائی ٹیک کمپنی کی سی ای او کو چار سالہ بیٹے کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
جنوبی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگالورو (بنگلور) میں پولیس نے بتایا کہ چار سالہ بیٹے کی لاش سامان میں ملی تھی۔
سچنا سیٹھ بھارت میں ٹیکنالوجی کے مرکز بنگالورو میں دی مائنڈفل اے آئی لیب کی سربراہ ہے۔ سچنا کو گوا سے ٹیکسی کے ذریعے واپسی پر کرناٹک کے ضلع چتر درگا میں گرفتار کیا گیا۔
گوا پولیس کے انسپکٹر پریش نائیک نے بتایا کہ سچنا نے اپنے بیٹے کے ساتھ اتوار کو گوا کے ایک ہوٹل میں چیک ان کیا تھا مگر جب اس نے پیر کی شب چیک آئوت کیا تو بچہ ساتھ نہیں تھا۔
ہوٹل کےعملے کو کمرے میں خون کے دھبے دکھائی دیے تو اس نے پولیس کو مطلع کیا۔ گوا پولیس نے ٹیکسی ڈرائیور سے فون پر رابطہ کیا اور اس سے کہا کہ مسافر سمیت قریب ترین پولیس اسٹیشن پہنچے۔
نارتھ گوا سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ندھن ولسان نے بتایا کہ جب سامان کھولا گیا تو اس میں سے بچے کی لاش ملی۔
گوا پولیس سچنا سیٹھ کو اپنے ساتھ لے آئی۔ اس کا شوہر انڈونیشیا میں ہے۔ اسے واپس آنے کو کہا گیا ہے۔
ڈاکٹرز نے بچے کی لاش کا جائزہ لے کر بتایا کہ اسے تولیے یا تکیے سے گلا گھونٹ کر مارا گیا۔
گوا کی ایک عدالت نے سچنا کو 6 دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
سچنا سیٹھ ٹیکنالوجی میں اعلیٰ ڈگریوں کی حامل ہے۔ اس نے فزکس میں ایم اے کیا ہوا ہے اور سنسکرٹ میں ٹاپر رہی ہے۔