شدید گرمی اور ہیٹ ویوز کے باعث دنیا بھر میں کروڑوں افراد بلند درجہ حرارت کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن ہر جگہ اے سی کا استعمال ممکن نہیں ہوتا۔ ایسے میں ایک امریکی ڈیزائنر، جو ڈوکیٹ، نے ایک انقلابی پینٹ تیار کیا ہے جو درجہ حرارت کے مطابق خود اپنا رنگ تبدیل کر لیتا ہے۔
انہوں نے تھرمو کرومک ٹیکنالوجی کے ذریعے ایسا پینٹ بنایا ہے جو سردی میں گہرا اور گرمی میں ہلکا ہو جاتا ہے، جس سے گھر کا اندرونی درجہ حرارت قدرتی طور پر کنٹرول ہوتا ہے۔ یہ پینٹ سیال کرسٹل کے ذریعے فضا کے درجہ حرارت کا ردعمل دیتا ہے۔
ابتدائی تجربات کے دوران اسے سورج کی روشنی سے خراب ہونے کا مسئلہ درپیش رہا، لیکن بعد میں اس کا حل نکال لیا گیا۔ یہ پینٹ خاص طور پر ان علاقوں کے لیے موزوں ہے جہاں گرمی اور سردی دونوں ہوتی ہیں، اور اسے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔