محکمہ موسمیات نے پنجاب کے میدانی علاقوں میں برفباری کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔ اس سے قبل میٹ آفس نے 12 جنوری سے 15 جنوری تک کی راتوں میں ریکارڈ سردی کی خبروں کو بے بےبنیاد قرار دیا تھا۔
گزشتہ چند دن سے سوشل میڈیا پر پنجاب میں برفباری اور شدید ترین سردی کی خبریں گردش کررہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے والے غیر مصدقہ پیغام کے مطابق گجرات، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، خانیوال، بہاولپور، قصور، وہاڑی، اوکاڑہ، ساہیوال، حافظ آباد، چکوال، جہلم، میانوالی، بھکر، لیہ، چنیوٹ، سرگودھا، خوشاب، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں برفباری کا امکان ہے۔
کچھ دن قبل سوشل میڈیا پر کسی ذرائع کا حوالہ دیے بغیر وائرل پیغام میں کہا گیا تھا کہ 12 جنوری سے 15 جنوری تک کے دن اور رات ’پاکستان کی 100 سالہ تاریخ‘ میں سرد ترین ہوسکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا جعلی خبروں کو نظر انداز کرنے کا مشور
اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے پہلے بھی وضاحتی بیان جاری کیا تھا اور آج ایک بار پھر سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”ایکس“ پر اپنی پوسٹ میں میٹ آفس نے کہا کہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں برفباری کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ عوام سے گزارش ہے کہ ان جعلی خبروں کو نظر انداز کریں۔
اس سے قبل 5 جنوری کو آفیشل ویب سائٹ پر پریس ریلیز شیئر کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے لکھا تھا کہ سوشل میڈیا پر 12 سے 15 جنوری کے دوران موسم کے حوالے سے چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
محکمہ موسمیات کے بیان میں کہا گیا تھا کہ محکمہ موسمیات سوشل میڈیا پر چلنے والی بے بنیاد خبروں کی تردید کرتا ہے۔ تاہم معمول کے مطابق جنوری سرد ترین مہینہ ہوتا ہے، محکمہ موسمیات موسم کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔