پنجاب،خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقے آئندہ چندروز کے دوران شدید دھندکی لپیٹ میں رہیں گے ، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شدید دھند کے باعث پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے کم رہے گا۔
جمعرات کے روز ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب ، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند چھائے رہے گی۔
خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں صبح کے اوقات میں بعض مقا مات پر کہرا پڑنے کا امکان ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہاجبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہا۔
پنجاب، بالائی سندھ اورخیبر پختونخوا کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔ اس دوران ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی9،سکردومنفی 7، کالام منفی 6، گلگت، گوپس منفی4 ،استور،دیر،پاراچنار اور راولاکوٹ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب سرگودھا اور گردونواح میں مسلسل 19 روز بعددُھند کا سلسلہ تھمنے کے بعد سورج نکل آیا ۔جس کے بعد سڑکوں اور بازاروں کی رونقیں بحال ہو گئیں ، لوگ دھوپ سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیئے ۔
اس سے قبل سردی کی شدت اور گردونواح میں 19روز دُھند کا راج برقرار رہا۔جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے تھے۔علاوہ ازیں ملکہ کوہسار میں سیاح برفباری کے منتظر ہیں ۔