امریکا میں ایک ہفتے سے سردی نے 9 ریاستوں میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں جس کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 40 تک جا پہنچی۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکا کی 9 ریاستوں آرکنساس، الینوائے، کنساس، مسیسیپی، نیویارک، اوریگون، پنسلوانیا، ٹینیسی اور وسکونسن میں برفانی طوفان، برفباری اور سخت سردی نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔
سب سے زیادہ ہلاکتیں ریاست ٹینیسی میں ہوئیں جہاں 14 افراد ہلاک ہوگئے۔ سڑکوں پر کئی کئی فٹ برف جم گئی اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔ پھسلن کے باعث گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
ریاست اوریگون میں منجمد کرنے والی برفباری اور یخت بستہ ہواؤں نے 85 ہزار افراد کو گھروں میں قید کردیا جب کہ کاروباری سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئیں۔ بجلی کا نظام ٹھپ ہوگیا اور 50 ہزار گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔
نیویارک کے جنوب میں 30 انچ سے زیادہ برف پڑ چکی تھی جب کہ دیگر ریاستوں میں بھی یہی صورت حال ہے۔ شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔