بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس میں مزید 5 گواہان کے بیان قلمبند کر لئے گئے جبکہ مزید سماعت 22 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔
آفیشل سیکریٹ ایکٹ سے متعلق بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی، کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کی، ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
دوران سماعت سائفر کیس میں مزید 5 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے، بیانات قلمبند کروانے والوں میں اعظم خان، انیس الرحمن، جاوید اقبال، محمد اشفاق اور ہدایت اللہ شامل ہیں۔
ذوالفقار عباس نقوی کے بار بار بولنے پر شاہ محمود قریشی نے جج کو شکایت لگا دی، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ذوالفقار عباس نقوی بار بار لقمہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں، شاہ محمود قریشی کی شکایت پر جج نے ذوالفقار عباس نقوی کو خاموش رہنے کی ہدایت کی۔
سائفر کیس میں مزید گواہان کو آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے گا، جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کیس کی آئندہ سماعت 22 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔