علی امین گنڈا پور کا خفیہ مقدمات میں گرفتاری رکوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈا پور نے خفیہ مقدمات میں گرفتاری رکوانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں پنجاب بھر میں درج مقدمات انکوائریز اور انوسٹی گیشن کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔

درخواست میں آئی جی پنجاب، چیف سیکرٹری، اینٹی کرپشن اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ بدنیتی کی بنیاد پر اس کے خلاف درجنوں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے مقدمات درج کر کے سیل کر دیے گئے ہیں اور انہیں خفیہ مقدمات میں گرفتاری کا خدشہ ہے۔

علی امین گنڈا پور نے استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ خفیہ مقدمات کی تفصیلات پیش کرنے اور خفیہ مقدمات میں گرفتاری بھی روکنے کا حکم دے۔