لاہور: دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی ایک بار پھر پہلے نمبر پر آ گیا۔
کراچی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 241 ریکارڈ کیا گیا جبکہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور چھٹے نمبر پر ہے۔
لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ اور ملتان روڈ کے اطراف 331 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا جبکہ شملہ پہلاڑی کے اطراف 280 اور ڈیفنس فیز 8 میں 266 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب کے بیشتر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے اور حد نگاہ انتہائی کم رہی۔ شدید دھند کے باعث موٹرویز کو بھی مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق ایم ون کو اسلام آباد سے پشاور تک ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جبکہ موٹروے ایم ٹو کو چکری سے نیلہ دلہہ تک شدید دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند کیا گیا۔
موٹروے ایم ٹو کو لاہور سے فاروق آباد اور ایم تھری کو فیض پور سے درخانہ تک ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کیا گیا۔ ایم فور کو شام کوٹ سے عبدالحکیم تک ٹریفک کے لیے بند کیا گیا جبکہ عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رکھا گیا۔ ایم 5 کو ملتان سے روہڑی تک ٹریفک کے لیے بند کیا گیا۔