فیض حمید اور عرفان رامے کے وکیل نے شوکت صدیقی کے الزامات مسترد کر دیے : سپریم کورٹ میں سماعت جاری

لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید اور عرفان رامے کے وکیل خواجہ حارث نے سابق جج اسلام آباد ہائی کورٹ شوکت صدیقی کے الزامات مسترد کر دیے۔

سابق جج اسلام آباد ہائی کورٹ شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کے خلاف اپیل پر سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ سماعت کر رہا ہے۔

لارجر بینچ میں جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس عرفان سعادت شامل ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے وکیل خواجہ حارث سے سوال کیا کہ آپ کس کی نمائندگی کر رہے ہیں؟

وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید اور عرفان رامے کا وکیل ہوں۔

چیف جسٹس نے وکیل خواجہ حارث سے سوال کیا کہ آپ شوکت صدیقی کے الزامات تسلیم کر رہے ہیں یا مسترد؟

وکیل خواجہ حارث نے جواب دیا کہ ہم تمام الزامات مسترد کر رہے ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سابق رجسٹرار سپریم کورٹ نے بھی جواب جمع کرایا ہے۔

شوکت عزیز صدیقی کے وکیل حامد خان نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید الزامات کی تردید کر رہے ہیں، یہی ہمارا کیس ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کو پہلے انکوائری کروانی چاہیے تھی، انکوائری میں ہمیں لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید پر جرح کا موقع ملتا۔

چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے سوال کیا کہ کیا انکوائری کی گئی تھی؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایاکہ جب شوکت صدیقی نے تقریر تسلیم کر لی تھی تو انکوائری نہیں کی گئی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ اٹارنی جنرل کہہ چکے حقائق کی انکوائری نہیں ہوئی، اب بتائیں کیا تجویز کرتے ہیں، کارروائی کیسے چلائیں؟

وکیل حامد خان نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی غیرقانونی قرار دیں۔

جس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ اگر شوکت عزیز صدیقی کے الزامات سچے نہیں تو کیا ہو گا؟ شوکت صدیقی جو کہہ رہے ہیں مخالف فریق اسے جھٹلا رہے ہیں، کون سچا ہے کون نہیں یہ پتہ لگانے کے لیے کیا کرنا ہوگا؟انکوائری میں ثابت ہو الزامات درست، مگر لگائے پبلک میں پھر بھی ہٹایا جا سکتا ہے؟ ہمیں مسئلے کا حل بھی ساتھ ساتھ بتائیں۔

وکیل حامد خان نے کہا کہ سپریم کورٹ سپریم جوڈیشل کونسل کا حکم کالعدم قرار دے، میرے موکل کی تقریر کی انکوائری کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

چیف جسٹس نے سوال کیا کہ سپریم کورٹ کیسے اور کس قانون کے تحت کمیشن بنانے کا حکم دے؟

جس پر وکیل حامد خان نے کہا کہ سپریم کورٹ ماضی میں کمیشن تشکیل دیتی رہی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ انکوائری میں الزامات غلط ثابت ہوتے ہیں تو کیا جج کو ہٹانے کا فیصلہ برقرار رہے گا؟ جن پر الزامات لگایا گیا ہم نے ان کو فریق بنانے کا کہا، سچ کی کھوج کون لگائے گا اب؟ ہم مسئلے کا حل ڈھونڈ رہے ہیں، دوسری طرف سے یہ بات ہوسکتی ہے کہ الزامات کو پرکھا ہی نہیں گیا، کیا ہم معاملہ دوبارہ کونسل کو بھیج دیں؟ دونوں میں سے کوئی سچ نہیں بتا رہا۔

فیض حمید کے وکیل  خواجہ حارث نے کہا کہ صرف پبلک تقریر کو دیکھا جاسکتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ کی خودمختاری اور جوڈیشل کونسل کا سوال ہے، سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی قانون کے مطابق ہونی چاہیے، کونسل کی کارروائی میں تقاضے پورے نہیں کیے گئے، سپریم کورٹ ان حالات میں کیسے فیصلہ دے سکتی ہے، اٹارنی جنرل سے بھی پوچھ لیتے ہیں۔

شوکت صدیقی کے الزامات بےبنیاد ہیں، سابق ڈی جی آئی ایس آئی

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق جج اسلام آباد ہائی کورٹ شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کیس میں فیض حمید نے جواب جمع کرا دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اپنے جواب میں فیض حمید نے عدلیہ پر اثر انداز ہونے کا الزام مسترد کیا اور کہا کہ شوکت عزیز صدیقی نے اپنی تقریر اور جوڈیشل کونسل کے سامنے کسی مبینہ ملاقات کا ذکر نہیں کیا، شوکت عزیز صدیقی خود مان چکے ہیں کہ مبینہ ملاقات میں کی گئی درخواست رد کی گئی تھی۔

عدالت عظمیٰ میں جمع کرائے گئے جواب میں فیض حمید نے یہ بھی کہا کہ شوکت عزیز صدیقی سے کبھی رابطہ نہیں کیا، سابق جج اسلام آباد ہائی کورٹ سے نواز شریف کی اپیلوں پر بات نہیں ہوئی، کبھی یہ نہیں کہا کہ ہماری 2 سال کی محنت ضائع ہو جائے گی، شوکت عزیز صدیقی کے تمام الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، یہ الزامات بعد میں آنے والے خیالات کے مترادف ہیں۔

اسی کیس میں سابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ انور کاسی اور بریگیڈیئر ریٹائرڈ عرفان رامے نے بھی جوابات جمع کرا دیے ہیں۔

انور کاسی اور عرفان رامے نے بھی سابق جج شوکت عزیز صدیقی کے الزامات مسترد کر دیے ہیں۔

شوکت عزیز صدیقی نے الزامات لگائے تھے کہ عرفان رامے، فیض حمید کے ساتھ ان کے گھر آئے تھے۔

سابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ انور کاسی پر شوکت صدیقی کی شکایت نہ سننے کا الزام تھا