توشہ خانہ کیس: عمران خان نے لطیف کھوسہ کو ہٹا کر نیا وکیل مقرر کردیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں اپنے وکلا لطیف کھوسہ اور شہباز کھوسہ کو تبدیل کردیا۔

اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ، 190 ملین پاؤنڈ ریفرنسزکی سماعت کی جس دوران عمران خان کمرہ عدالت میں ہی موجود تھے۔

عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں اپنے وکلا کو تبدیل کردیا، انہوں نے توشہ خانہ کیس میں لطیف کھوسہ اور شہبازکھوسہ کی جگہ سکندر ذوالقرنین اور سلمان صفدر وکیل مقرر کیا ہے۔

سکندر ذوالقرنین اور  سلمان صفدر نے27 جنوری تک وکالت نامہ جمع کرانےکی مہلت مانگ لی جس پر عدالت نے توشہ خانہ کیس کی سماعت 27 جنوری اور 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 30 جنوری تک ملتوی کردی۔

عدالت نے سماعت بشریٰ بی بی کی عدم موجودگی کے باعث ملتوی کی اور بشریٰ بی بی کو 30 جنوری کو پیش ہونے کی ہدایت بھی کی۔

علاوہ ازیں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی پرفرد جرم عائد نہ ہوسکی تاہم ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کردی گئیں اور عدالت نے فرد جرم کے لیے 6 فروری کی تاریخ مقرر کردی۔

واضح رہےکہ چند روز قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان توشہ خانہ کیس میں لطیف کھوسہ کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔