توہین الیکشن کمیشن: بانی پی ٹی آئی کی جیل ٹرائل روکنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی توہین الیکشن کمیشن کی جیل ٹرائل روکنے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔

جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 29 جنوری کو سماعت کرے گا۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو مزید دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

علاوہ ازیں لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی 7 مقدمات میں ضمانتیں خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے۔

ہائی کورٹ نے تحریری فیصلے میں قرار دیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی گرفتاری کے باعث ٹرائل کورٹ میں پیش نہ ہو سکے، ٹرائل کورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا لہٰذا بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔