عمران خان کی دونوں سزاؤں کیخلاف اپیلیں دائر کریں گے: پی ٹی آئی وکیل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل حامد خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی دونوں سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کریں گے۔

حامد خان نے کہا کہ عدالتوں پر دباؤ تھا، فیئر ٹرائل کے اصولوں کو روندا گیا۔

انہوں نے کہا کہ گواہوں پر جرح کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 14-14 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنا دی گئی ہے۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت نے سماعت کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو 10 سال کے لیے نااہل بھی قرار دے دیا۔

عدالت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر 1 ارب 57 کروڑ 40 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

جج محمد بشیر نے بانی پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ آپ نے اپنا 342 کا بیان جمع کرایا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ میں نے بیان تیار کر لیا ہے، اپنے وکلاء کے آنے پر بیان جمع کراؤں گا، مجھے تھوڑا وقت دیں، میرے وکلاء آ رہے ہیں۔

جج محمد بشیر نے بانیٔ پی ٹی آئی کو وقت دینے سے انکار کر دیا۔