کینیڈا کے ایک ریزاٹ میں رکھا بڑے قد کا قیمتی حنوط شدہ برفانی ریچھ چوری ہوگیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے (بی بی سی) کے مطابق صوبہ البرٹا کے دارالحکومت ایڈمونٹن کے ایک ریزاٹ میں حنوط شدہ برفانی بھالو چوری ہوگیا، اس ریزاٹ میں 24 گھنٹے سخت سکیورٹی کا پہرا رہتا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حنوط شدہ بھالو کی چوری 22 جنوری کی رات کو ہوئی اس رات سخت سردی کے باعث درجہ حرارت منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جس کے سبب سکیورٹی پر کسی کو بھی مامور نہیں کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چوروں نے برفانی ریچھ پر ہاتھ صاف کردیا جو قد میں 12 فٹ لمبا تھا جبکہ اس کا وزن 225 کلو گرام تھا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ سال اگست کے ماہ میں بھی ایسی ہی چوری ہوئی تھی جس میں دو حنوط شدہ راکون کو چوری کرلیا گیا تھا، انتظامیہ کے مطابق چوری ہونے والے دونوں راکونز اور برفانی ریچھ کی قیمت 35 ہزارکینیڈین ڈالر ہیں۔
واضح رہے کہ ایک اندازے کے مطابق کینیڈا میں تقریباً 16ہزار برفانی ریچھ ہیں جبکہ کینیڈا کے شمالی علاقہ جات میں برفانی ریچھ کا شکار کرنا قانونی ہے تاہم ماحولیاتی حکام کے ذریعے ریچھ کے شکار کو سختی سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔