پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ جج صاحب نے فیصلے میں ہمارے وکلاء سے متعلق درست نہیں لکھا، ہمارے وکلاء ہر وقت موجود ہوتے ہیں اور ہر تاریخ پر پیش ہوتے ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں موقع نہیں دیا جا رہا، جو وکلاء دیے گئے ان کے پاس کچھ نہیں تھا۔
بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ وہ وکلا ہمارے خلاف پیش ہوتے رہے اور پراسیکیوشن کی ٹیم کا حصہ تھے، ہمارے وکلاء موجود تھے لیکن درخواست کے باوجود موقع نہیں دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جج نے ملزمان کے 342 کے بیانات اپنے موبائل میں دکھائے، پہلے بھی بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے بیانات پر دستخط نہیں لیے گئے، فیصلے غیر قانونی طریقوں سے سنائے جارہے ہیں۔