انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ، اسٹاک ایکسچینج میں 64 ہزار کی حد بحال انٹربینک میں منگل 6 جنوری کو ڈالر 279 روپے 42 پیسےپر بند ہوا تھا۔

امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کے مستحکم ہونے کا سلسلہ بتدریج جاری ہے۔

آج بھی انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

انٹربینک میں قیمت میں 17 پیسے اضافے کے بعد ڈالر کی نئی قیمت 279.25 روپے پر آگئی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر ایک پیسے مہنگا ہوا تھا۔

انٹربینک میں منگل 6 جنوری کو کاروبار کے اختتام پر ڈالر 279 روپے 42 پیسےپر بند ہوا تھا۔

ڈالر کی قیمت گرنے کی پیشگوئی

چیئرمین پاکستان فاریکس ایکس چینج ایسوسی ایشن ملک بوستان نے ڈالر کی قیمت مزید گرنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے ڈالر رکھنے والوں کو خبردار کیاہے۔

ملک بوستان کے مطابق ڈالرز کی بڑی تعداد لاکرز میں رکھی گئی تھی اور بینکوں کا عملہ بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کے ساتھ مل کر یہ ڈالرز حوالہ اور ہْنڈی میں استعمال کرتے تھے اگر بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی جاری رہی تو ڈالر 250 روپے سے نیچے آجائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 307 روپے کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم نگراں حکومت کی جانب سے کریک ڈاؤن کے بعد ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور ستمبر سے اب تک ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر تقریباً 28 روپے کی کمی دیکھی گئی ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں تیزی

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں تیزی دیکھی گئی اور کاروبار کا مثبت آغاز ہوا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں270 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 64 ہزار کی حد بحال ہو گئی ہے۔