الیکشن کے بعد پہلے دن اسٹاک مارکیٹ 1057 پوائنٹس سے محروم معلق پارلیمنٹ اور حکومت سازی میں ممکنہ مشکلات سرمایہ کاروں کے اعتماد پر ابھی سے اثر انداز

عام انتخابات سے قبل اور پولنگ ڈے پر ملک بھر میں پائی جانے والی شدید بے یقینی معاشی اور مالیاتی معاملات پر بھی اثر انداز ہو رہی ہے۔

الیکشن کے بعد پہلے دن جب پاکستان اسٹاک مارکیٹ کھلی تو سرمایہ کاروں میں اعتماد کی شدید کمی دکھائی دی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کے ایس ای 100 انڈیکس 1057.94 پوائنٹس کی کمی سے 63085.93 پوائنٹس کی حد تک آگیا۔ یہ اعداد و شمار صبح 11 بج کر 18 سیکنڈ تک کے ہیں۔

یاد رہے کہ جمعرات کو کے ایس ای 100 انڈیکس 64143.87 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے ایک بیان میں کہا کہ عام انتخابات کے ابتدائی نتائج رائے عامہ کے جائزوں اور سیاسی تجزیہ کاروں کی آرا سے کچھ مختلف رہے ہیں۔

جمعرات کو کروڑوں پاکستانیوں نے حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ابتدائی نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کی بیشتر نشستوں پر آزاد امیدوار آگے ہیں جن کے بعد نمایاں ترین امیدوار مسلم لیگ ن کے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی تیسرے نمبر پر ہے۔ اس بات کا واضح امکان ہے کہ جمعرات کے انتخابات کے نتیجے میں معلق پارلیمنٹ معرضِ وجود میں آئے گی۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے بیان کے مطابق یہ بات اب واضح ہوچکی ہے کہ کوئی بھی پارٹی اس پوزیشن میں نہیں ہوگی کہ تنِ تنہا حکومت بناسکے۔ اُسے چھوٹی سیاسی جماعتوں یا آزاد امیدواروں سے مدد بھی ضرورت پڑے گی۔