پشاور: پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا کی قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدواران کی وفاداریاں تبدیل ہونے کے خدشے کے پیش نظر اُن سے حلف نامہ مانگ لیا۔
پی ٹی آئی قیادت نے خیبرپختونخوا سے کامیاب ہونے والے نامزد امیدواروں کو حلف نامہ جمع کروانے کی ہدایت کی جس پر قومی اسمبلی کی نشست این اے 38 پر کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار شاہد خٹک نے حلف نامہ پارٹی قیادت کو بھیج دیا۔
اپنے حلف نامے میں انہوں نے لکھا کہ ’عمران خان کا سپاہی ہوں اور وفاداری کسی صورت نہیں بدلوں گا، پارٹی کی جانب سے جو ہدایات ملیں گی اس پر عمل کروں گا۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر آزاد امیدواروں کی کامیابی کے بعد پی ٹی آئی اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے جبکہ قومی اسمبلی میں بھی پی ٹی آئی کے کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں کی تعداد سب سے زیادہ 92 ہے۔
قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے کامیاب اراکین کی تعداد 75، پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی تعداد 54، ایم کیو ایم 17اور دیگر آزاد امیدواروں کی تعداد 4 ہے۔