وزارت خزانہ نے عالمی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف) سےمزید 6 ارب ڈالر قرض لینے کی تیاری کرلی۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف سے نیا قرض پروگرام حاصل کرنے کے لئے تیاری کر لی ہے ،نیا پروگرام تین سال کے لیے ہو گا اور اس کا نام ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلیٹی پروگرام ہو گا۔
آئی ایم ایف کے ساتھ نئے قرض پروگرام کیلئے مذاکرات دوسرے اقتصادی جائزہ کے ساتھ ہوں گے۔آئی ایم ایف کے ساتھ 6 ارب ڈالر تک کا نیا قرض پروگرام دینے کی درخواست کی جائےگی۔
وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق نئے قرض پروگرام کے تحت بجلی، گیس مزید مہنگی کی جائے گی۔مختلف شعبوں کو دی جانے والی سبسڈی کا بتدریج خاتمہ کیا جائے گا۔ ٹیکسوں کی مد میں مختلف شعبوں کو دیا جانے والا استثنیٰ بھی ختم کیا جائے گا۔
ذرائع وزرات خزانہ کا کہنا ہے کہ نیا قرض پروگرام موجودہ اسٹینڈ بائی ارینجنٹ معاہدے سے زیادہ مشکل شرائط پر مبنی ہو گا۔آئندہ مالی سال کے بجٹ کیلئے آئی ایم ایف وزارت خزانہ کو تجاویز دے گا جس پر عمل درآمد کرنا ہو گا۔تمام یقین دہانیاں بجٹ میں تحریری طور کروائی جائیں گی۔