2023، بینکوں کے خالص منافع میں 86 فیصد اضافہ : بنیادی وجہ بلند شرح سود ہے، بینکوں نے منافع پاکستان کو درپیش معاشی بحران کے باجود حاصل کیا ہے، صارفین کے ڈپازٹس سالانہ بنیادوں پر 21فیصد اضافہ

گزشتہ مالی سال کے دوران بینکوں کے خالص منافع میں 86 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دسمبر 2023 میں ختم ہونے والے گزشتہ مالی سال کے دوران بینکوں کے خالص منافع میں 86 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے بینکوں کی کمائی بڑھ کر 572 ارب روپے ہوگئی ہے، اضافے کی بنیادی وجہ بلند شرح سود ہے، بینکوں نے یہ منافع پاکستان کو درپیش معاشی بحران کے باجود حاصل کیا ہے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے ریسرچر سنی کمار نے اس حوالے سے بتایا کہ منافع میں یہ اضافہ بلند شرح سود کی وجہ سے ممکن ہوسکا ہے۔

عارف حبیب لمیٹڈ کی معاشی ماہر ثناء توفیق نے کہا کہ سال 2023 میں تمام بینکوں نے ریکارڈ منافع حاصل کیا ہے، جس کی بنیادی وجہ پالیسی ریٹ میں 600 بیسس پوائنٹس کا ہونیوالا اضافہ ہے، اس دوران ڈیویڈنڈ کی تقسیم میں بھی 84 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ صارفین کے ڈپازٹس سالانہ بنیادوں پر 21فیصد اضافے کیساتھ 27.54 ٹریلین روپے کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔