اسلامی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے درمیان 20 کروڑ ڈالر قرض کا معاہدہ، رقم مکانات کی تعمیر، صاف پانی اور حفظان صحت کی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ ہوگی۔ 13 لاکھ افراد کے حالات میں بہتری لائی جائے گی

اسلامی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے درمیان 20 کروڑ ڈالر قرض کا معاہدہ ہوگیا۔ 

اسلام آباد سے اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق رقم سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی پر خرچ ہوگی۔ 

سرکاری اعلامیہ کے مطابق رقم مکانات کی تعمیر، صاف پانی اور حفظان صحت کی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ ہوگی۔ اس رقم سے 13 لاکھ افراد کے حالات میں بہتری لائی جائے گی۔ 

اقتصادی امور ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق سیکریٹری اقتصادی امور اور آئی ایس ڈی بی کے ڈائریکٹر نے دستخط کیے۔ 

اعلامیہ کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک کا وفد 22 سے 24 مارچ تک پاکستان کے دورہ پر ہے۔ وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ نے وفد کا خیر مقدم کیا۔

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق وزیر اقتصادی امور نے اسلامی ترقیاتی بینک کے 4.2 ارب ڈالر دینے کے وعدے کو سراہا۔ 

اعلامیہ کے مطابق 2022 میں اسلامی ترقیاتی بینک نے 4.2 ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا تھا۔