اسلام آباد: نوتشکیل شدہ پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی نے اپنے آپریشنز کا باضابطہ آغاز کردیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق آج سیکرٹری ایوی ایشن کے دفتر میں پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کی افتتاحی بورڈ میٹنگ ہوئی جس سے کمپنی کے آپریشنز کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔
وفاقی حکومت 20 مارچ 2024 کو پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کا قیام عمل میں لائی تھی اور گزشتہ ہفتے اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز بھی نامزد کردیے گئے تھے۔
سابق گورنر اسٹیٹ بینک اور سابق وفاقی سیکرٹری خزانہ طارق باجوہ کو نئی کمپنی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جب کہ موجودہ سی ای او پی آئی اے ائیر وائس مارشل عامر حیات نئی کمپنی کے پہلے سی ای او ہوں گے۔
نئے چئرمین کی سربراہی میں پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق اسکیم آف ارینجمنٹ کی منظوری بھی دی گئی۔
واضح رہے کہ اس اسکیم آف ارینجمنٹ کی وفاقی کابینہ اور پی آئی اے سی ایل بورڈ پہلے ہی منظوری دے چکے ہیں۔
بورڈ نے کمپنی سے متعلق مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا، جس میں ہولڈنگ کمپنی کی تنظیم سازی سے منسلک فیصلے بھی کیےگئے۔