وفاقی حکومت نے ایکسپورٹ فسیلی ٹیشن اسکیم کے تحت پہلی مرتبہ اشیا برآمد کرنے و الے برآمد کنندگان کو مشروط طور پر ڈیوٹی و ٹیکسوں کے بغیر خام مال اور مشینری و آلات منگوانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم برآمدکنندگان کو خام مال، مشینری و آلات کی درآمد کیلیے ریگولیٹری کلیکٹوریٹ سے منظوری لینا ہوگی۔
برآمد کنندگان سالانہ برآمدی ویلیو کے 50فیصد مالیت کے برابر تک مشینری و آلات درآمد کرسکیں گے ۔ایک ملین ڈالر سے زائد کے برآمدی کنٹریکٹ پر ڈیوٹی و ٹیکس کے بغیر خام مال کی درآمد کی منظوری چیف کلکٹر سے لینا ہوگی۔
’’دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کسٹمز رولز میں ترامیم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مسودہ سٹیک ہولڈرز سے آراء کیلئے جاری کردیا گیا ہے جو 15 دن کے اندر اپنی آراء و اعتراضات جمع کرواسکتے ہیں۔ مقررہ میعاد کے بعد موصول ہونیوالی آراء و اعتراضات کو قبول نہیں کیا جائے گا اور گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے ان ترمیمی رولز کو لاگو کردیا جائے گا۔