پاکستان کو آئی ایم ایف سے 7 سے 8 ارب ڈالر تک کا نیا قرض پروگرام ملنے کی امید

پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) سے 7 سے 8 ارب ڈالر تک کا نیا قرض پروگرام ملنے کی امید ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے کلائمیٹ فنانسنگ کیلئے مذاکرات کا بھی عندیہ دیدیا اور قرض کے موجودہ دستیاب کوٹے میں اضافے کی بھی توقع ہے جب کہ نئے پروگرام کیلئے درخواست آئندہ ماہ دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف سے باقاعدہ مذاکرات ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کے بعد ہوں گے اور آئی ایم ایف سے نئے تین سالہ قرض پروگرام کیلئے مذاکرات دو سے تین ماہ جاری رہنے کاامکان ہے جب کہ نئے مالی سال کا بجٹ بھی آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق تیار کرنا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق بجلی گیس ٹیرف میں اضافہ، کاسٹ ریکوری اصلاحات اور نئے ٹیکس اقدامات شرائط میں شامل ہیں، مہنگائی میں کمی آنے تک پالیسی ریٹ میں کمی نہ کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے ذمہ قرضوں کو پائیدار قرار دیا ہے تاہم قرضوں کی ادائیگی کیلئے ایکسٹرنل فنانسنگ یقینی بنانا ہوگی۔

ذرائع نے کہا کہ آئی ایم ایف سے نئے قرض پروگرام سے متعلق پی ٹی آئی کے تحفظات نظر انداز کردیے گئے ہیں، آئی ایم ایف نئی مخلوط حکومت سے مذاکرات کیلئے پرعزم ہے اور نئے پروگرام پرعمل درآمد کیلئےاپوزیشن جماعتوں سے ضمانت کی ضرورت نہیں پڑے گی۔