وفاقی وزیر پاور اویس لغاری نے صوبے میں بجلی چوری کی روک تھام کیلئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور کو خط لکھ دیا ہے۔
اپنے خط میں وفاقی وزیر نے بجلی چوری روکنے سے متعلق اقدامات کیلئے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ملاقات کا وقت مانگتے ہوئے کہا کہ پیسکو اور ٹیسکو میں بجلی نقصانات کا تخمینہ 188 ارب روپے ہے۔
پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر کی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات کا مقصد مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے بجلی چوری روکنے پر غور کرنا ہے۔
خط میں وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پولیس کی مدد سے بجلی چوری کے خلاف مہم کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر پاور کے خط میں وزیراعلیٰ سے کہا گیا کہ کے پی میں آپریٹ کرنے والی پیسکو اور ٹیسکو خراب کارکردگی والی ڈسکوز میں شامل ہیں، رواں مالی سال کیلئے پیسکو اور ٹیسکو کے نقصانات کا تخمینہ 188 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسئلے کا ایک ممکنہ حل یہ ہے کہ ٹیسکو کے علاقوں میں ریکوری کیلئے صوبائی حکومت جامع پلان مرتب کرے، دوسرا ممکنہ حل یہ ہے کہ صوبائی حکومت ٹیسکو کے علاقوں میں پاور سپلائی کا بیڑا اٹھالے۔