6 سے 8 ارب ڈالر کا نیا قرض پروگرام ، آئی ایم ایف نے پاکستان کی درخواست منظور کر لی

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان نئے قرض پروگرام پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ، آئی ایم ایف نے پاکستان کی 6 سے 8 ارب ڈالر کے پیکیج کی درخواست منظور کر لی۔

وزارت خزانہ کے ذرائع  نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کو 2 درخواستیں دی گئیں،ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلیٹی کی درخواست منظور ہوئی ، موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصان کی فنڈنگ کی درخواست پر آئی ایم ایف غور کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کے ازالےکیلئے بھی اضافی 1.2 ارب ڈالر فنڈ پروگرام کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن مذاکرات کیلئے آئندہ ماہ پاکستان آئے گا ، مذاکرات نئے قرض پروگرام اور آئندہ مالی سال کے بجٹ پروپوزل پر ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ مشن نئے قرض پروگرام اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری میں معاشی ٹیم کیساتھ کام کرے گا۔