چوتھے کاروباری روز کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق آج جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالرکی قیمت میں مزید 9 پیسےکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت 278 روپے 39 پیسےسے بڑھ کر 278 روپے 48 پیسے پر بند ہوئی۔
آج صبح کاروبار کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر 6 پیسے کے اضافے سے 278 روپے 45 پیسے پر ٹریڈ کر رہا تھا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پرمعمولی اضافے کے بعد 278 روپے 39 پیسے کا ہوا تھا۔
دوسری جانب عالمی اور مقامی مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز بھی سونا مزید مہنگا ہو گیا۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 500 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 42 ہزار 500 روپے ہو گئی ہے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 429 روپے اضافے سے 2 لاکھ 7 ہزار 905 روپے ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت 2 ڈالر اضافے کے بعد 2302 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1100 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔
اسکے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2650 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2371.94 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔