ساڑھے 4 سال ٹیکس کی مد میں کھربوں کا نقصان کرنے والوں کا احتساب ہوگا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پتہ نہیں کہاں سے صاف اور شفاف حکومت چلی تھی، ہماری اجتماعی کوششوں سے بہتری آئی ہے، بہت کچھ ٹھیک کرنا ہے جس کے لیے محنت کرنی ہوگی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے بجلی کی چوری میں کمی کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ بجلی کی چوری میں کمی کے لیے ٹرانسمیشن لائن سے متعلق فیصلے کیے، بجلی سستی کرنے کے لیے حکومت کوشش کررہی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری ایکسپورٹ اور ترسیلات زرمیں اضافہ ہوا ہے، معاشی اصلاحات کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ کچھ روز پہلے معاشی صورتحال سے متعلق رپورٹ شائع ہوئی، رپورٹ میں معاشی اشاریوں کی بہتری کی بات کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یف بی آر کھربوں روپے کماتا ہے اور اربوں کے واجبات میں پھنسے ہیں۔ قوم کے لیے اربوں روپے کی متوقع آمد کو مکمل برباد کردیا گیا، ایف بی آر ایک ارب چھوڑ کر10 ارب خرچ کرتا ہے تاکہ رقم خزانے میں آئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ دنوں کچھ معاملات کا جائزہ لیا جو قوم سے مذاق کے سوا کچھ نہیں تھا۔ سگریٹ کی مینوفیکچرنگ کا ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم فراڈ کے سوا کچھ نہیں تھا۔ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے معاہدے پر انکوائری کمیٹی بنادی ہے جو معاہدے سے متعلق 72 گھنٹے میں رپورٹ دے گی

تحریک انصاف دورِ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پتہ نہیں کہاں سے صاف اور شفاف حکومت چلی تھی۔ ساڑھے 4 سال کے عرصے میں قوم کا ٹیکس کی مد میں کھربوں کا نقصان کیا گیا، معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کا احتساب ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم کا ایک پیسہ بھی ضائع نہیں ہونے دیں گے، معیشت کو بہتر کرنا ترجیح ہے۔ ملک میں سرمایہ کاری اور نجکاری پر کام تیزی سے ہو رہا ہے۔