وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آئی جی کو ہدایت کی ہے کہ وکلاء کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر آئی جی کو ہدایت دیتے ہوئے کہنا ہے کہ وکلاء کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کریں، وکلاء کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے معاملات لاہور ہائی کورٹ کے ساتھ خوش اسلوبی سے حل کریں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ لاہور کے شہریوں کے تحفظ کے لیے محاذ آرائی سے گریز کیا جائے۔
واضح رہے کہ سول عدالتوں کی ماڈل ٹاؤن کچہری منتقلی اور وکلاء کیخلاف مقدمات کے معاملے پر وکلاء نے ایوان عدل سے لاہور ہائیکورٹ تک احتجاجی ریلی نکالی، احتجاجی مظاہرین جی پی او چوک پہنچے تو پولیس نے دھاوا بول دیا جس پر پولیس اور احتجاجی وکلاء کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے شیل برسائے۔ پولیس سے جھڑپوں میں کئی مظاہرین زخمی ہوگئے جبکہ متعدد وکلاء کو گرفتار کرلیا گیا۔
یاد رہے کہ وکلا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین احسن بھون نے بتایا ہے کہ پاکستان بار کونسل نے پورے پاکستان میں کل ہڑتال کی کال دے دی ہے، کل نہ صرف پورے پاکستان میں ہڑتال ہوگی بلکہ ریلیاں بھی نکلیں گی۔
وکلا دو وجوہات کی بنا پر سراپا احتجاج ہیں ، پہلی یہ کہ ایوان عدل میں موجود کچھ عدالتوں کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ماڈل ٹاؤن ڈویژن منتقل کردیا تھا تو وکلا کا مطالبہ ہے کہ اس فیصلے کو واپس لیا جائے اور دوسرا یہ کہ دہشتگردی کے مقدمے میں وکلا پر کی جانے والی ایف آئی آرز کو واپس لیا جائے اور ایسے مقدمات بنانے کے گریز کیا جائے۔