کراچی سے قومی ائیرلائن ( پی آئی اے) کا قبل از حج آپریشن کا آغاز ہوگیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ائیرلائن کی پہلی قبل از حج پرواز پی کے 743 جناح انٹرنیشنل سے مدینہ منورہ کے لیے رات ساڑھے تین بجے روانہ ہوئی جہاں پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر امان اللہ قریشی نے عازمین حج کو جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے رخصت کیا۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ پرواز کی روانگی سے قبل ائیرپورٹ پر عازمین حج کو گلاب کے ہار پہنائے گئے۔
چیف آپریٹنگ آفیسر پی آئی اے نے عازمین کو حج پر روانگی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کا عمرہ آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا ہے اور حج آپریشن بھی انشااللہ کامیابی سے مکمل ہوگا۔
پی آئی اے پاکستان سے تقریباً 34 ہزار سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچائے گی، 19 ہزار عازمین سرکاری حج اسکیم اور 15 ہزار پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت تقریباً 170 پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچیں گے۔
پی آئی اے کراچی، لاہور، ملتان، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، سیالکوٹ اور سکھر سے حج پروازیں چلا رہی ہےجب کہ قبل از حج آپریشن 10 جون کو اختتام پزیر ہوگا۔