شاہد آفریدی کی آئرلینڈ کے خلاف میچ میں فتح حاصل کرنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے آئرلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں فتح حاصل کرنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ پر تبصرہ کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ہمیں آئر لینڈ کے خلاف اس جیت کی ضرورت تھی۔

اوپننگ بلے باز محمد رضوان اور فخر زمان کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہا ویل ڈن ٹیم! خاص طور پر جس طرح رضوان اور فخر زمان کھیلے۔ ہمیں ورلڈکپ میں بھی اسی مائنڈ سیٹ کی ضرورت ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے زیادہ تر بلے بازوں کو اسی اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیلنا ہے۔

اس موقع پر شاہد آفریدی نے اپنے داماد اور فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کو 300 انٹرنیشنل وکٹیں لینے پر مبارکباد بھی پیش کی۔

خیال رہے کہ آئرلینڈ کے خلاف پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے میزبان ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔