دنیا بھر میں مشہور پاکستانی ڈیزائنر علی ذیشان نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ آدھی رات کو اٹھ کر رفع حاجت کے لیے جاتے ہیں تو اس سے پہلے سر پر تاج، کوٹ اور زیور پہنتے ہیں۔
علی ذیشان کو سوشل میڈیا صارفین ان کے شوخ پہناوے کی وجہ سے کافی تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔
اب حال ہی میں علی ذیشان نے اداکار احمد علی بٹ کے یوٹیوب پوڈکاسٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے خود پر ہونے والی تنقید پر ردعمل دیا اور بتایا کہ یہ ان کا طرزِ زندگی ہے اور وہ گھر میں بھی ایسا ہی فیشن کرتے ہیں۔
پوڈکاسٹ کے وائرل ہونے والے ویڈیو کلپ میں علی ذیشان کا کہنا تھا کہ مجھ میں کوئی دکھاوا نہیں ہے، مجھے زندگی میں جو چیز کرنی ہوتی ہے میں کرلیتا ہوں، بغیر یہ سوچے کہ لوگ کیا سوچیں گے۔
ڈیزائنر نے کہا کہ میرا دل صاف ہے، جب میں لاہور میں اپنی دھاک بٹھانے کے بعد کراچی میں فیشن شو کرنے آیا تو کراچی کی فیشن انڈسٹری کے بڑے ناموں نے میری تذلیل کی جس پر میں رو پڑا تھا۔
علی ذیشان نے انکشاف کیا کہ باتھ روم جاتے ہوئے میں کچھ زیورات پہنتا ہوں، سر پر تاج اور کوٹ پہن کر پہلے سیلفی لیتا ہوں پھر بیت الخلا جاتا ہوں۔
پروگرام میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے والدہ سے متاثر ہوکر فیشن انڈسٹری میں قدم رکھا، انہوں نے بچپن سے غربت دیکھی یہاں تک کہ چاند رات کو چوڑیاں اور سینڈویچز بھی فروخت کیے۔