یمنیٰ زیدی میک اَپ کے بجائے کام پر زیادہ توجہ دیتی ہیں، ہمایوں سعید

  کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینیئر اداکار ہمایوں سعید بھی ساتھی اداکارہ یمنیٰ زیدی کے کام کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے۔

ہمایوں سعید کے حالیہ انٹرویو کا مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں وہ یمنیٰ زیدی کے بارے میں گفتگو کررہے ہیں۔

اداکار نے کہا کہ میں پہلی بار یمنیٰ زیدی کے ساتھ ڈرامہ سیریل ‘جینٹلمین’ میں کام کررہا ہوں اور اُن کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ زبردست رہا ہے۔

اداکار نے کہا کہ یمنیٰ ڈرامے کی شوٹنگ پر ہمیشہ وقت پر آتی تھیں اور اُن کی توجہ اپنے میک اَپ پر نہیں بلکہ ڈرامے کے سین پر ہوتی تھی۔

اُنہوں نے کہا کہ میں خود بھی اسی طرح کام کرتا ہوں، اسی لیے مجھے یمنیٰ جیسے اداکاروں کو محنت کرتا دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔

ہمایوں سعید نے کہا کہ ڈرامہ سیریل ‘جینٹلمین’ میں صحافی زرناب کے کردار کے لیے یمنیٰ زیدی کا نام ہی ذہن میں آیا تھا اور جب میں نے ڈرامے کی پروڈیوسر یعنی اپنی اہلیہ سے یمنیٰ کو کاسٹ کرنے کے بارے میں بات کی تو اُنہوں نے بھی صحافی کے کردار کے لیے یمنیٰ کا ہی انتخاب کیا۔

اداکار نے مزید کہا کہ ڈرامے کا اسکرپٹ پڑھ کر یمنیٰ زیدی بھی راضی ہوگئی تھیں اور اُنہوں نے کہا کہ یہ اُن کے لیے چیلنجنگ کردار ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ‘جینٹلمین’ کی کاسٹ میں یمنیٰ زیدی، ہمایوں سعید، عدنان صدیقی اور احمد علی بٹ سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔