راکھی ساونت کے کینسر میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے، سابق شوہر کا دعویٰ

 ممبئی: بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کے سابق شوہر رتیش سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ کے کینسر میں مبتلا ہونے کا خطرہ ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق شوہر کا کہنا تھا کہ جو لوگ راکھی کو قریب سے جانتے ہیں انہیں علم ہے کہ راکھی ساونت کی زندگی خطرے میں ہے۔

رتیش سنگھ کا کہنا تھا کہ اداکارہ کو دل اور پیٹ میں تکلیف پر اسپتال داخل کیا گیا لیکن متعدد ٹیسٹ کرنے پر معلوم ہوا کہ ان کے رحم میں رسولی ہے جو کینسر کا ٹیومر بھی ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اس رسولی کو مزید تفتیش کیلئے طبی معائنہ کررہے ہیں اور وہ سرجری سے قبل یہ اطمینان کرنا چاہتے ہیں کہ یہ رسولی کینسر کی نہ ہو۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز راکھی ساونت کو طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے اسپتال داخل کیا گیا اور ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔