کم فالوورز والوں کو شوبز انڈسٹری چھوڑ دینی چاہیے: مومنہ اقبال کا مشورہ

پاکستانی معروف خوبرو اداکارہ مومنہ اقبال نے سوشل میڈیا پر کم فالوورز رکھنے والی اداکاراؤں کو منفرد مشورہ دیا ہے۔

 بہترین اداکاری کے سبب شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اداکارہ مومنہ اقبال نے سوشل میڈیا پر شکووں سے بھری ویڈیوز اپلوڈ کی ہیں۔

اداکارہ نے اپنی ان ویڈیوز میں کہا ہے کہ جن اداکاروں کے فالوورز کی تعداد بہت کم ہے، اُنہیں شوبز انڈسٹری چھوڑ دینی چاہیے کیوں کہ کم فالوونگ کے سبب وہ نہ تو فلموں میں کام کر سکیں گے اور نہ ہی ڈراموں میں اِنہیں کام ملے گا۔

مومنہ اقبال اپنی ویڈیوز میں زیادہ فالوورز رکھنے کے فوائد بھی بتاتی نظر آ رہی ہیں۔

اداکارہ مومنہ کا ویڈیو میں شکوہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ صبح سے سیٹ پر موجود تقریباً 10 لوگ اُنہیں یہ بتا چکے ہیں کہ سوشل میڈیا پر اُن کے صرف 10 لاکھ فالوورز ہیں، چوں کہ سوشل میڈیا پر ان کے فالوورز صرف 10 لاکھ ہیں اس لیے وہ ڈراموں میں کام نہیں کر سکیں گی۔

اداکارہ نے اپنے ارد گرد موجود افراد اور صارفین سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس لیے وہ کم فالوورز رکھنے والوں کو انڈسٹری ہی چھوڑ دینے کا مشورہ دے رہی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ اُنہیں اس انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے کئی سال گزر چکے ہیں مگر تاحال اس انڈسٹری میں اُن کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور اس کی وجہ سوشل میڈیا پر اُن کے فالوورز کی تعداد کا کم ہونا ہے۔

مومنہ اقبال نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم فالوورز کی وجہ سے شوبز میں کام نہ ملنے کے باعث وہ اب سوچ رہی ہیں کہ وہ اداکاری چھوڑ کر زندگی میں کچھ بڑا کریں یا وی لاگنگ شروع کر دیں۔