بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش سے متعلق خبروں نے زور پکڑ لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر کترینہ کیف اور اُن کے شوہر وکی کوشل کی نئی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں اس جوڑی کو لندن کی سڑک پر واک کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
وائرل ویڈیو اس جوڑی کی اجازت کے بغیر دور سے بنائی گئی ہے جبکہ ویڈیو میں کترینہ کیف کو دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ اداکارہ حاملہ ہیں اور وہ بہت جلد اپنے پہلے بچے کا دُنیا میں استقبال کرنے والی ہیں۔
کترینہ کیف کی وائرل ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو بنانے والے کے لیے غصے کا اظہار کیا، صارفین نے کہا کہ اگر یہ جوڑی اپنی نجی زندگی کو میڈیا کو نظروں سے دور رکھنا چاہتی ہے تو میڈیا کو بھی چاہیے کہ اس بات کا خیال رکھے، اس طرح کسی کی چُھپ کر ویڈیو بنانا غیراخلاقی عمل ہے۔
دوسری جانب ابھی تک کترینہ کیف اور اُن کے شوہر وکی کوشل نے اپنے پہلے بچے کی پیدائش سے متعلق خبروں کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کی ‘بےبی ڈول’ کترینہ کیف اور وکی کوشل نے دسمبر 2021 میں شادی کی تھی۔