ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان مزید ایک روز تاخیر کا شکار

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان ایک روز مزید تاخیر کا شکار ہوگیا اور اب میگا ایونٹ کے لیے منتخب 15 کھلاڑیوں  کا اعلان جمعے کو ہوگا۔

پی سی بی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ٹیم انتظامیہ کی طرف سے ابھی تک حمتی کھلاڑیوں  کی فہرست موصول نہیں ہوئی ہے اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا لیڈز میں شیڈول میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے بھی حتمی اسکواڈ کے اعلان میں تاخیر ہوئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ لیڈز میں شیڈول میچ مکمل ہوجاتا تو پھر شاید فیصلہ کرنا زیادہ آسان ہوتا۔

دوسری جانب ہیڈکوچ گیری کرسٹن نے بھی حال ہی میں ٹیم کو جوائن کیا ہے وہ بھی ہر کھلاڑی کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں اور  مشاورت کر رہے ہیں۔

آئی سی سی  کی طرف سے اسکواڈ کے اعلان کے لیے 24 مئی تک وقت دیا گیا اور وقت ملنے کی وجہ سے بھی کھلاڑیوں کا انتخاب بڑے سوچ وبچار کے بعد کیا جا رہا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 24 مئی کے بعد ٹیم میں تبدیلی صرف میڈیکل گراونڈز پر ہی ہوسکے گی اور یہ ٹکنیکل کمیٹی کی صوابدید ہوگی کہ وہ انجری کی وجہ سے کسی متبادل کھلاڑی کو شامل کرنے کی اجازت دیتی ہے یا نہیں۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز میں حسن علی کو ریلیز کرنے کے بعد اب 17 کھلاڑی موجود ہیں، جن میں سے 15 رکنی اسکواڈ عالمی کپ میں شرکت کرنے کا اعزاز پائے گا۔

ذرائع کے مطابق سلمان علی آغا، عرفان خان نیازی کو ڈراپ کیا جائے گا، پاکستانی ٹیم امریکا اور ویسٹ انڈیز میں مشترکہ طور پر کھیلنے جانے والے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے یکم جون کو لندن سے امریکا کے لیے اڑان بھرے گی۔