’پشپا2‘ کا دوسرا گانا کب ریلیز ہوگا؟ رشمیکا مندانا نے اعلان کردیا

سپر اسٹار الو ارجن کی بلاک بسٹر فلم ’پشپا‘ کے سیکوئیل کا لوگوں کو بے تابی سے انتظار ہے اور اب فلم کے دوسرے گانے کے متعلق بڑی خبر سامنے آگئی ہے۔

فلم میکرز نے اداکارہ رشمیکا مندانا کا ایک ٹیزر جاری کیا ہے جس میں وہ فلم کے دوسرے گانے کی ریلیز کا اعلان کرتی ہیں جو 29 مئی کو جاری ہوگا۔

فلم کو سکومار ڈائریکشن دے رہے ہیں جبکہ الو ارجن کے ساتھ رشمیکا مندانا اور فہد فاصل مرکزی کردار ادا کررہے ہیں اور فلم رواں برس 15 اگست کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔


’پشپا2‘ نے ریلیز سے قبل ہی ایک بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے اور وہ بنگالی زبان میں ریلیز ہونے والی پہلی پین انڈین فلم بن گئی ہے۔

پین انڈین فلمیں اب تک صرف پانچ زبانوں ہندی، تامل، تیلگو، کناڈا اور ملیالم میں ریلیز ہوتی ہیں لیکن ’پشپا2‘ چھ زبانوں میں ریلیز کی جائے گی۔

انٹرنیشنل اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے ’پشپا2‘ کے ڈیجیٹل حقوق 275 کروڑ روپے میں خریدے ہیں اور یہ کسی بھی تیلگو فلم کا اب تک سب سے بڑا معاہدہ ہے۔