بشکیک میں پھنسے طلبا کی پاکستان واپسی کا سلسلہ جاری : سندھ کے اور بلوچستان کے طلبا کو لیکر خصوصی پروازیں کراچی اور کوئٹہ پہنچ گئیں

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں پھنسے طلبا کی پاکستان واپسی کا سلسلہ جاری ہے، سندھ کے اور بلوچستان کے طلبا کو لیکر خصوصی پروازیں کراچی اور کوئٹہ پہنچ گئیں۔

کراچی ائیر پورٹ پر  بشکیک سے کراچی واپس پہنچنے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے طلبا کا استقبال کیا، واپس آنے والوں میں کراچی، حیدرآباد، شہید بے نظیر آباد اور دیگر اضلاع کے 150 طلبا اور 55 طالبات شامل ہیں۔

کراچی ائیرپورٹ پر پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلبا کا کہنا تھا کہ حالات میں کچھ بہتری ہے مگر واپسی میں ہی عافیت تھی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے مزید 180 طالبعلموں کی کرغزستان سے واپسی کیلئے خصوصی فلائٹ بھیجنے کا اعلان کیا۔

دوسری جانب بشکیک سے 172 طلبا کو لیکر پی آئی اے کی پہلی پرواز کوئٹہ بھی پہنچ چکی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ بشکیک سے 172 طلبا کوئٹہ پہنچے ہیں جن میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے طلبا بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے طلبا ہمارے مہمان ہیں، ان طلبا کو آج اسلام آباد روانہ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ 6-7 بچے ابھی کرغزستان میں ہیں انہیں بھی واپس لائیں گے، حالات بہتر ہوتے ہی طلبا واپس جائیں گے۔