پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ نوشین شاہ نے مداحوں سے دعائے صحت کی اپیل کر دی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اپنی سرجری کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور مکمل صحت کے لیے دعاؤں کی درخواست ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ’میری بڑی سرجری پہلے سے طے شدہ تھی جو کہ اللہ کے کرم سے ہوگئی ہے، الحمد اللہ‘۔
انہوں نے مداحوں کو بتایا کہ سرجری کے بعد یہ پیغام وہ خود لکھ رہی ہیں تاکہ وہ ہر ایک سے درخواست کرسکیں کہ ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کریں۔
نوشین شاہ نے لکھا کہ انہیں سرجنز نے اپنا مکمل خیال رکھنے اور ہمت بلند رکھنے کی صلاح دی ہے۔ مجھے مکمل سکون، خوشیوں اور آرام کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام میں مداحوں سے ایک بار پھر مسلسل دعاؤں کی اپیل کی ہے۔
یہاں یہ قابل ذکر ہے کہ اداکارہ نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے اور یہ بھی واضح نہیں کیا ہے کہ انہوں نے کس مسئلے کے سبب سرجری کروائی ہے۔
تاہم ان کا پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی ان کے مداحوں کی جانب سے دعاؤں اور نیک خواہشات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔