رفح میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے خلاف پوری دنیا سے شوبز ستاروں نے سخت تنقید کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
اسرائیلی حملوں سے گزشتہ روز رفح میں آگ بھڑک اٹھی اور اس میں 45 مظلوم فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پاکستانی اداکار فیصل قریشی نے مظلوم فلسطینیوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انسٹاگرام پوسٹ میں مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
عمران عباس نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ میں لکھا کہ فوری جنگ بندی ہونی چاہئے، جب برطانیہ بھی جنگ بندی کا مطالبہ کررہا ہے تو مسلمانوں کو خاموش نہیں رہنا چاہئے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ زندہ جلنے والے بچوں اور بڑوں کا درد محسوس ہونے کیلئے کسی مذہب کا نہیں بلکہ صرف انسان ہونا ضروری ہے۔
ہالی وڈ کی نامور اداکارہ جینا اورٹیگا نے سوال اٹھایا کہ لوگ جنگ بندی پر مباحثے میں مصروف ہیں جبکہ ہزاروں بچوں کو موت کے گھاٹ اتارا جارہا ہے، آخر انسانیت کہاں ہے۔
پاکستانی اداکارہ صحیفہ جبار خٹک نے رفح حملوں پر سخت رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔