سرگودھا کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کے تین مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید اورعالیہ حمزہ کی ضمانت منظور کر لی۔
دونوں رہنماوں کے خلاف 9 مئی کے حوالے سے میانوالی میں تین مقدمات درج تھے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے تینوں مقدمات میں ضمانت منظور کرلی، جس کے بعد دونوں خواتین رہنماوں کے مچلکے جمع کرانے کے لیے کارروائی شروع کردی گئی۔
اسی طرح تھانہ موسی خیل میانوالی میں ایک مزید مقدمہ درج ہوا تھا، جس میں عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔ وکلا نے بتایا کہ مچلکے جمع کرائے جانے کے بعد جیل سے دونوں رہنماوں کی رہائی ممکن ہوگی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سانحہ 9 مئی کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی گوجرانوالہ کو سرگودھا جیل میں قید صنم جاوید اور عالیہ حمزہ سے تفتیش کی اجازت دی گئی تھی۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں گوجرانوالہ میں 9 مئی کو توڑ پھوڑ کے مقدمہ کی سماعت کے دوران جے آئی ٹی کی جانب سےاستدعا کی گئی تھی کہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ سے تفتیش کرنے کی اجازت دی جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ سرگودھا جیل میں ہیں۔ جے آئی ٹی کی درخواست میں ایف آئی اے کے ایک لیٹر اور سول میڈیا ویڈیوز کا حوالہ بھی دیا گیاتھا۔
عدالت نے جے آئی ٹی کو دونوں ملزمہ سے سرگودھا جیل میں تفتیش کرنے کی اجازت دی تھی۔