پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ روبینہ اشرف کا کہنا ہے کہ صرف خوبصورت نظر آنے سے کامیابی نہیں ملتی بلکہ اچھا اداکار بننے کے لیے کسی بھی کردار کو حقیقت کے قریب تر پیش کرنا ہوتا ہے۔
روبینہ اشرف نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے نوجوان اداکاروں کو انڈسٹری میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے اہم مشورہ بھی دیا۔
اُنہوں نے کہا کہ صرف خوبصورت نظر آنے سے کامیابی نہیں ملتی بلکہ اچھا اداکار بننے کے لیے کسی بھی کردار کو اسکرین پر اس انداز میں پیش کرنا ہوتا ہے تاکہ ناظرین بھی اس کردار کے جذبات کو محسوس کرسکیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر کوئی اداکار اپنے کردار کو حقیقت کے قریب تر پیش نہیں کرسکتا تو اس کا مطلب ہے کہ وہ بطور اداکار ناکام ہوگیا ہے۔
اُنہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نوجوان اداکاروں کو ڈائریکٹر سے اپنے کردار کو بہتر بنانے کے لیے بات کرنی چاہیے لیکن ساتھ ہی انہیں اپنے سینئر اداکاروں سے بھی مشورہ لینا چاہیے۔
روبینہ اشرف نے کہا کہ سینئر اداکار گھر کے بزرگوں کی طرح ہوتے ہیں کیونکہ ہمارے یہاں اداکاری سیکھنے کے لیے باقاعدہ تربیت نہیں دی جاتی ہے لیکن جو فیلڈ میں لوگ ہمیں سکھاتےتھے وہ ہمارے سینئرز تھے اور اب ہم اپنے جونیئرز کو سیھاتے ہیں۔