یاسر شامی پر عامر لیاقت کی ویڈیو وائرل کرنے کا مقدمہ، عدالت نے فیصلہ سنا دیا

مرحوم اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی نازیبا وڈیوز وائرل کیس میں ایف آئی اے کی تفتیشی افسر نے ملزم یوٹیوبر یاسر شامی کو بے گناہ قرار دے دیا، ایف آئی اے نے مقدمے کا ضمنی چالان عدالت میں پیش کردیا ایف آئی اے کے مطابق یاسر شامی کے خلاف شواہد نہیں ملے ہیں۔

مدعی مقدمہ دعا عامر کے وکیل ضیا اعوان اور دانیہ کے وکیل لیاقت گبول نے ضمنی چالان پر اعتراض کیا ۔ ضیا اعوان ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایف آئی اے مقدمے کے حتمی چالان میں یاسر شامی کو ملزم قرار دے چکی ہے، حتمی چالان کے مطابق یاسر شامی کے خلاف شواہد موجود تھے، اب ایف آئی اے کہہ رہا ہے کہ یاسر شامی کے خلاف کوئی شواہد نہیں ملے۔

جس پر لیاقت گبول ایڈووکیٹ نے کہا کہ مرحوم ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کی وڈیو وائرل کرنے کا اصل ملزم یاسر شامی ہے، دانیہ شاہ کا عامر لیاقت کے بچوں سے جائیداد کا تنازعہ ہے ، دانیہ شاہ کو پھنسانے کے لئے مرکزی ملزم یاسر شامی کو ملزمان کی فہرست سے نکالا گیا ہے۔

عدالت نے ایف آئی اے کی تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا، عدالت ن ے کہا کہ مقدمے میں فرد جرم عائد کی جاچکی ہے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 جون تک ملتوی کردی۔