پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان کی طرف سے فیصلوں کا اعلان جس انداز میں کیا گیا اس سے دکھ ہوا، مجھے سنے بغیر کیوں ایسے فیصلے ہوئے؟
گزشتہ شب پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیر افضل مروت کا کہنا تھاکہ میں نے کہا ہوا ہے بانی پی ٹی آئی کہیں گے تو احتجاج کروں گا، اگر یہی سمجھا جاتا ہے میں سائیڈ لائن ہی ٹھیک ہوں تو سائیڈ لائن ہی رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ جو رویہ میری جماعت نے میرے ساتھ رکھا میں اس کا حقدار نہیں تھا، میں نے کہا آپ کہیں تو میں استعفیٰ دے دیتا ہوں، میری بے توقیری کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ابھی تک میری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوئی، ان سے ناراض نہیں ہوں لیکن ان کی طرف سے فیصلوں کا اعلان جس انداز میں کیا گیا اس سے دکھ ہوا، مجھے سنے بغیر کیوں ایسے فیصلے ہوئے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تمام کیسز بے بنیاد ہیں، ہمارے مخالفین کا طریقہ کار کامیاب جا رہا ہے، ایک کیس ختم ہوتا ہے تو یہ نیا کیس بنا دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو رہائی کیلئے اصل امید عوام سے ہے، عوام جب نکلے گی تو یہ ادارے اور ریاست انہیں رہا کر دیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شیرافضل مروت کوشوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا اور انہیں کور کمیٹی سے بھی نکال دیا گیا تھا۔