بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی مبارکباد پر ردعمل دیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں مودی کا کہنا تھاکہ آپ کے پیغام کو سراہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی عوام ہمیشہ امن، سکیورٹی اور ترقی پسندخیالات کے حامی رہے ہیں، بھارتی عوام کی سکیورٹی اور خوشحالی ہمیشہ ہماری ترجیح رہے گی۔
اس کے علاوہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں نوازشریف نے کہا تھا کہ مودی کو مسلسل تیسری بار وزیراعظم بننے پر گرمجوشی سے مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں مسلسل تیسری بار کامیابی بھارتی عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ آئیں ہم نفرت کو امید سے بدل کر اسے دو ارب انسانوں کی ترقی کا موقع بنائیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز نئی دہلی میں نریندر مودی نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا اور وہ مسلسل تیسری بار منتخب ہونے والے دوسرے بھارتی وزیراعظم ہیں۔