وفاقی وزیر خزانہ نے اپنی بجٹ تقریر میں بتایا کہ آئندہ مالی سال کیلئے حکومت بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے مختص رقم کو 27 فیصد اضافے کے ساتھ 593 ارب روپے تک لے جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کفالت پروگرام کے تحت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے استفادہ کرنے والے افراد کی تعداد 93 لاکھ سے بڑھا کر 1 کروڑ کر دی جائے گی، ان خاندانوں کو مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے کیش ٹرانسفر میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ تعلیمی وظائف سے مزید 10 لاکھ بچے استفادہ کریں گے جبکہ 5 لاکھ نوزائیدہ بچوں کو پیدائش کے پہلے ہزار دنوں میں خوراک فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ کے ذریعے کمزور طبقوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے معاونت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔