قومی ٹیم ورلڈ کپ میں شکست کے بعد فلوریڈا سے وطن واپس روانہ

ورلڈ کپ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فلوریڈا سے وطن واپس روانہ ہو گئے۔

کپتان بابر اعظم، حارث رؤف، عماد وسیم، اعظم خان اور محمد عامر سمیت پاکستان ٹیم کے 6 کھلاڑی ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کر رہے۔

پاکستان ٹیم کے کرکٹرز دبئی سے مختلف پروازوں میں اپنے اپنے شہروں کو روانہ ہوں گے۔

پاکستان ٹیم کے کھلاڑی 19 جون کی علی الصبح پاکستان پہنچیں گے اور بابراعظم 22 جون کو پاکستان واپس روانہ ہوں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن ورلڈکپ اسائنمنٹ کے بعد اپنے گھر روانہ ہوں گے جب کہ محمد عامر ایک دو روز امریکا میں رکنے کے بعد ڈربی شائر جوائن کرنے انگلینڈ جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کے سپر 8 راؤنڈ تک رسائی میں ناکام رہی تھی، پاکستان کو پہلے مرحلے کے 2 میچز میں شکست ہوئی تھی جس میں قومی ٹیم کو امریکا سے اپ سیٹ شکست ہوئی جبکہ قومی ٹیم، بھارت سے جیتا ہوا میچ بھی ہار گئی تھی۔